نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں آج سے 5 جولائی تک شدید مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، مری، گلیات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور بالاکوٹ میں موسلادھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع، بشمول پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، سوات، چترال، ڈی آئی خان، بنوں اور مردان میں اربن فلڈنگ اور دریائے کابل و سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق پنجاب کے متعدد اضلاع جیسے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، شیخوپورہ اور قصور میں بھی شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
سندھ میں 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں اربن فلڈنگ کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے کمزور عمارتیں، کچی دیواریں، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز گرنے کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آندھی اور طوفان کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ:
ندی نالوں کو عبور کرنے سے اجتناب کریں
کمزور انفراسٹرکچر، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں
سیاح موسمی حالات سے باخبر رہیں اور پہاڑی علاقوں میں سفر سے قبل متعلقہ حکام سے مشورہ کریں
این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی و صوبائی اداروں کو بھی ہدایت دی ہے کہ امدادی کارروائیوں کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔





