وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ، شمالی وزیرستان دھماکے میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے آج سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں خودکش حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔

وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی مزاج پرسی کی اور انہیں گلدستے پیش کیے۔

انہوں نے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے حوصلے کو سراہا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے شہداء اور غازیوں نے انتہائی جوانمردی کے ساتھ خودکش حملے کو ناکام بنایا۔ ملک میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان کی قربانیاں لازوال ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہداء کے ورثا کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور مالی معاونت پر مبنی خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دیر،پہاڑی تودہ گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف ، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بھی موجود تھے۔

Scroll to Top