جوندون کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولت غریبوں تک پہنچائی جائے گی،مشیر صحت

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے جوندون کارڈ کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ذریعے غریب شہریوں کو ہر قسم کی دوائیاں مفت فراہم کی جائیں گی۔

مشیر صحت احتشام علی کے مطابق اس کارڈ کے لیے دو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور پائلٹ منصوبے کا آغاز کوہاٹ، مردان، چترال اور ملاکنڈ سے کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا میں دوائیوں کے اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، ملوث افراد کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں اور سفارشات پر عملدرآمد کا مرحلہ باقی ہے۔

صحت کارڈ میں پائی جانے والی کمزوریوں کو دور کیا جا چکا ہے، اور اب اپینڈکس جیسی سرجریاں صرف سرکاری اسپتالوں میں کی جائیں گی۔

پہلے 75 نجی اور 25 سرکاری اسپتالوں کو پینل پر رکھا گیا تھا، لیکن اب یہ تناسب تبدیل کر کے 75 سرکاری اور صرف 25 نجی ہسپتالوں کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ کے بعد سوات میں غیر قانونی ہوٹلز کی تعمیرات کا معاملہ دوبارہ سر اٹھانے لگا، ثمر بلور

مشیر صحت نے کہا کہ پشاور کے سرکاری اسپتالوں میں 2013 کے مقابلے میں 200 فیصد بہتری آئی ہے، اور اب ریجنل ہسپتال بنائے جا رہے ہیں تاکہ پشاور جیسی سہولیات دیگر علاقوں میں بھی فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top