اظہر محمود پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے قائم مقام ہیڈ کوچ مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو پاکستان مینز ریڈ بال (ٹیسٹ) ٹیم کا قائم مقام ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ موجودہ معاہدے کی مدت تک اس حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اظہر محمود کرکٹ کے ایک تجربہ کار دماغ اور کامیاب کوچنگ کیریئر کے حامل ہیں۔ انہوں نے ماضی میں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں اور ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اظہر محمود کی انگلش کانٹی کرکٹ میں کامیابیاں، خصوصاً دو کانٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز، ان کی قائدانہ اور تربیتی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی زیرِ نگرانی پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم عالمی سطح پر مزید منظم، مضبوط اور مؤثر کارکردگی دکھائے گی۔

واضح رہے کہ مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے دوران انہیں کوچنگ پینل سے باہر رکھا گیا تھا، تاہم اب بورڈ نے ان پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپی ہے۔

Scroll to Top