عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے مخصوص نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے طریقہ کار کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ہم )کے مطابق اے این پی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم میں انصاف سے کام نہیں لیا۔
اے این پی کے مطابق، عام انتخابات میں ایک جنرل نشست حاصل ہونے پر پارٹی کو خواتین کی صرف ایک مخصوص نشست الاٹ کی گئی، حالانکہ حالیہ ضمنی انتخاب میں باجوڑ سے دوسری جنرل نشست بھی جیت لی گئی ہے، جس کے بعد مخصوص نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چونکہ اے این پی کی اب خیبرپختونخوا اسمبلی میں مجموعی طور پر دو جنرل نشستیں ہیں، اس لیے اسے کم از کم دو مخصوص نشستیں دی جانی چاہئیں۔
پارٹی نے عدالت سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی مخصوص نشستوں کی تقسیم پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔





