پشاور ہائیکورٹ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حفاظتی ضمانت میں توسیع

پشاور ہائیکورٹ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حفاظتی ضمانت میں توسیع

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ انہیں درج مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں وزیراعلیٰ کی جانب سے دائر حفاظتی ضمانت کی درخواست پر غور کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کے لیے باقاعدہ طور پر درخواست دائر کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں 48 ایف آئی آرز درج ہیں، جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے دو انکوائریز زیر التوا ہیں۔ نیب اور اینٹی کرپشن کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ ’’یہ ایک منتخب وزیراعلیٰ ہیں، وہ ہر دوسرے دن عدالت نہیں آ سکتے، اُن پر دیگر اہم ذمے داریاں بھی ہیں۔ بہتر ہوگا کہ متعلقہ ادارے رپورٹ مکمل کرکے اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔‘‘

عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ انہیں درج مقدمات میں گرفتار نہ کریں۔

Scroll to Top