گورنر خیبرپختونخوا کی زیرصدارت ایڈورڈز کالج کےبورڈ آف گورنرز کا اجلاس،سالانہ بجٹ مشروط طور پر منظور

پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت ایڈورڈز کالج پشاور کے 17ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کالج کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کو مشروط طور پر منظور کر لیا گیا۔

اجلاس کے دوران بجٹ کے اعداد و شمار پر تفصیلی بحث ہوئی جبکہ دیگر انتظامی و مالی امور بھی زیرِ غور آئے۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ ایڈورڈز کالج میں ضم شدہ اضلاع کے 6 طلباء کو 100 فیصد اسکالرشپ دی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 500 سے زائد طلباء کو اسکالرشپس فراہم کی جا چکی ہیں۔

اجلاس میں ہیومن ریسورس کمیٹی کی تشکیل اور فنانشل پرفارمنس آڈٹ سے متعلق بریفنگ دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی، متعدد اصولی فیصلوں کو مستقل پرنسپل کی تعیناتی تک مؤخر کرنے کی سفارش کی گئی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مستقل پرنسپل کی عدم تعیناتی کے باعث کالج کے تعلیمی، مالی اور انتظامی امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے ایڈورڈز کالج کو نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کی ایک تاریخی و مقبول درسگاہ قرار دیتے ہوئے اس کے مالی و انتظامی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کی نشستیں 52 تک پہنچ گئیں

اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین امتیاز حسین گیلانی، ناصر علی خان، ڈاکٹر قبلہ ایاز، بشپ ہمفرے سرفراز پیٹر، عدنان جلیل، پروفیسر شجاعت علی اور دیگر نے شرکت کی۔

Scroll to Top