صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارجی دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی اس بروقت اور مؤثر کارروائی میں فتنہ خوارج سے وابستہ دہشت گردوں کا قلع قمع قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے لیے حوصلہ افزا ہیں اور پوری قوم ان سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے جو ملک کے دفاع میں صف اول پر موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی ایک بڑی اور کامیاب کارروائی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے پاکستان کی بہادر افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یہ بھی پڑھیں: افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 30 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے اور ہم ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔





