تربیلا ڈیم کے سپِل ویز کھول دیے گئے، سیلابی صورتحال کا خدشہ

تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے، سیلابی صورتحال کا خدشہ

حالیہ مون سون بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کے نتیجے میں تربیلا ڈیم مکمل طور پر بھر گیا ہے جس کے بعد حکام نے سروس سپل ویز کھول دیے ہیں۔

اس اقدام کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق سپل وے کھولنے کا فیصلہ تربیلا جھیل میں پانی کی سطح کو محفوظ حد میں رکھنے اور ممکنہ اضافی اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور تربیلا ڈیم کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے سیلابی الرٹ جاری کردیا

سپل وے کا کھولا جانا ایک احتیاطی اقدام ہے تاکہ ڈیم کے سٹرکچر کو کسی ممکنہ دباؤ یا خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Scroll to Top