مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم چیلنج کر دی

مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم چیلنج کر دی

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا اعلامیہ کالعدم قرار دینے اور ارکان کو حلف اٹھانے سے روکنے کی استدعا کی ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم پر مسلم لیگ (ن) نے اعتراض اٹھاتے ہوئے معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے بیرسٹر ثاقب رضا کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی غیر منصفانہ تقسیم کی ہے جس سے پارٹی کے آئینی و قانونی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 7 جنرل نشستوں کے بدلے 10 مخصوص نشستیں دی گئی ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے بھی اسمبلی میں 7 ارکان ہیں انہیں صرف 8 مخصوص نشستیں دی گئی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے صوبے میں 6 نشستیں جیتی تھیں،  ایک آزاد امیدوار تین دن کے اندر پارٹی میں شامل ہو گیا جس سے پارٹی کی مجموعی نشستیں 7 ہو گئیں، تاہم الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کا تعین صرف 6 نشستوں کی بنیاد پر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کی نشستیں 52 تک پہنچ گئیں

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے مخصوص نشستوں سے متعلق جاری اعلامیے کو کالعدم قرار دیا جائے اور مخصوص نشستوں کی ازسرنو تقسیم کے احکامات جاری کیے جائیں۔

عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ حتمی فیصلے تک مخصوص نشستوں پر ارکان کو حلف اٹھانے سے روکا جائے۔

Scroll to Top