خیبرپختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈز کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے عوام کو گلیشیئرز پھٹنے کے ممکنہ واقعات سے متعلق خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ جاری کرنے اور انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں نہ لے جانے کی تاکید کی ہے۔
ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو سروسز اور ہنگامی سامان کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے، سیلابی صورتحال کا خدشہ
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔





