ملک بھر میں بارشوں کے باعث 7 افراد جاں بحق، 11 جولائی تک موسمیاتی الرٹ جاری

ملک بھر میں بارشوں کے باعث 7 افراد جاں بحق، 11 جولائی تک موسمیاتی الرٹ جاری

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جاری شدید بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث مختلف حادثات میں مزید 7 افراد جان بحق ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 11 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ حکام نے عوام کو خبردار کر دیا ہے

خیبر پختونخوا میں شدید طوفانی بارشوں اور آبی ریلوں کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملاکنڈ اور مانسہرہ میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی، جہاں دو بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔

اسی طرح بونیر میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ ایک بچہ زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا۔ طوفانی بارش کے باعث ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی بارشوں کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ حکومتی ذرائع نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو بھی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ان کے دکھ میں کمی کی جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ بارش اور سیلاب کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔

Scroll to Top