خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے

خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشیں، حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے جن میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث ایک مکان مکمل طور پر منہدم ہوا، حادثات صوبے کے مختلف اضلاع بونیر، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایات ضلعی انتظامیہ کو جاری کر دی گئی ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں کا سلسلہ 11 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کے باعث 7 افراد جاں بحق، 11 جولائی تک موسمیاتی الرٹ جاری

ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Scroll to Top