پاکستان نے حالیہ عرصے میں دفاع، سفارت اور معیشت میں بڑی کامیابیاں سمیٹیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں حالیہ دو سے تین ماہ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکے ہیں جنہیں ایک گیم چینجر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے عسکری سفارتی اور معاشی محاذ پر بیک وقت نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کے مثبت اثرات اندرون ملک استحکام اور بیرونی دنیا سے تعلقات کی بہتری کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ پاک افواج نے نہ صرف داخلی سلامتی کے چیلنجز پر قابو پایا بلکہ سرحدوں پر درپیش خطرات کو بھی مؤثر طریقے سے کم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں نئی گرمجوشی آئی ہے افغانستان کے ساتھ سرحدی حالات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے جبکہ بھارت کو ایک واضح اور فیصلہ کن پیغام پہنچایا جا چکا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک،چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں غیر معمولی افہام و تفہیم پیدا ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں جو کہ خطے میں پاکستان کی سفارتی پوزیشن کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے ان کامیابیوں کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک شٹل ڈپلومیسی کو دیا اور کہا کہ  ان وزیراعظم کی مسلسل سفارتی کوششوں نے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی بلکہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں نئی راہیں کھول دی ہیں وہ حالات جو چند ماہ قبل ناممکن نظر آ رہے تھے اب ممکنات کی نئی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان تاریخی ہم آہنگی اور یکجہتی نے موجودہ پیش رفت کو ممکن بنایا،  شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ بحرانوں سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے، ادارہ جاتی تعاون اور معاملہ فہمی کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے بالآخر آپریشن سندور میں فوجی ہلاکتوں کا اعتراف کر لیا

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے جس کی بنیاد استحکام، ترقی اور باہمی احترام پر رکھی جا رہی ہے، یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کے فضل، قومی اداروں کے باہمی اتفاق اور قیادت کی سنجیدگی کا نتیجہ ہے۔

Scroll to Top