وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان، سیفران اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اور وقار سب سے مقدم ہیں، باقی تمام معاملات بعد میں دیکھے جائیں گے۔
امیر مقام نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل، افواج پاکستان کے جذبے، اور عسکری و سول قیادت کی قربانیوں کے باعث پاکستان نے بھارت جیسے بڑے ملک پر فتح حاصل کی ہے، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ اس تاریخی معرکے کے بعد دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا ہے اور گرین پاسپورٹ کی عالمی سطح پر عزت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات مندانہ قیادت نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ جیسے حالات میں بروقت اور دانشمندانہ فیصلے کیے جن کے نتیجے میں پاکستان نے نہ صرف زمینی و فضائی محاذوں پر بلکہ سفارتی سطح پر بھی کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن اب بھی تاک میں ہے، لیکن وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قریبی ہم آہنگی، افواج پاکستان اور عوام کے جذبے سے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عسکری و سول قیادت کے متحد بیانیے نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی اور مودی سرکار کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہو کر رہ گیا۔
پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ان کا بیانیہ کہ ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت ایک صفحے پر نہیں، بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے کارکنان کو جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا، سبز باغ دکھائے گئے، لیکن حقیقت کچھ اور تھی۔
انہوں نے سوال کیا کہ مشکل وقت میں عمران خان کہاں تھے؟ وہ ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کا ایجنڈا ہمیشہ سے اینٹی پاکستان رہا ہے، اور اب قوم اس بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کر دے گی۔
عمران خان کی رہائی کی تحریک پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ بے گناہ ہیں تو عدالتوں میں پیش ہو کر اپنا مقدمہ لڑیں۔ ریاستی اداروں پر حملوں کے بجائے اداروں کو مضبوط کریں اور قانون کی حکمرانی کو تسلیم کریں۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں پی ٹی آئی نے تین بار حکومت کی، مگر عوام کی ترقی کے لیے کچھ نہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر امیر مقام نے شانگلہ پورن میں نادرا مرکز کا افتتاح کر دیا
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان بھی ترقی، تعلیم اور بلاسود قرضوں جیسے اقدامات کے مستحق ہیں، جیسے پنجاب میں دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں خیبرپختونخوا بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔





