امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 69 تک جاپہنچی ہے جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں۔
ریاست کے سمر کیمپ میں شریک 27 لڑکیاں تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، سب سے زیادہ متاثرہ شہر سان انتونیو بتایا جا رہا ہے جہاں درجنوں مکانات اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں میں مہینوں کی بارش کا پانی برسا جس کے نتیجے میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں سے 850 افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔
4 جولائی کی تعطیلات کے باعث ہزاروں سیاح ٹیکساس کے مختلف حصوں میں موجود تھے جس سے امدادی کارروائیوں میں مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
شدید سیلاب اور خراب موسمی حالات کے باعث ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی میں دشواری ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کے باعث 7 افراد جاں بحق، 11 جولائی تک موسمیاتی الرٹ جاری
ریاستی گورنر نے وفاقی حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیکساس میں وفاقی ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔





