وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو آئینی طریقے سے تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے قبل ہی ملک کا خزانہ خالی ہو چکا تھا اور معیشت زوال کا شکار تھی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کچھ عناصر ریاست کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور بعض افراد خودساختہ جلاوطنی اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اکٹھے ہو کر اسلام آباد پر چڑھائی کرتے ہیں جو جمہوری اصولوں اور آئین کے منافی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی پی ٹی آئی اب سزا یافتہ مجرم ہیں اور ان کے خلاف کوئی بھی مقدمہ سیاسی بنیادوں پر نہیں بنایا گیا یہ تمام مقدمات قانون اور عدالتی عمل کے مطابق ہیں۔
احسن اقبال نے بھارت سے متعلق پاکستان کی سفارتی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں بھارت کے خلاف بڑی کامیابی عطا کی، حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل کو دعوت دی لیکن اس موقع پر بھی پی ٹی آئی نے بھارت کے خلاف بولنے کے بجائے احتجاج کا راستہ اپنایا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، شیر افضل مروت
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک مخلوط حکومت قائم ہے اور تمام جماعتوں کو مل کر مسائل کے حل کے لیے کام کرنا ہوگا جو عناصر حکومت کے ساتھ تعمیری تعاون کریں گے انہیں خوش آمدید کہا جائے گا





