ملک میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 1 لاکھ 8 ہزار 500 روپے مہنگا ہو گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی ایس جی جے اے) کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 25-2024 کے اختتام پر 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 50 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی، جو مالی سال کے آغاز (29 جون 2024) پر 2 لاکھ 41 ہزار 700 روپے تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی، افراطِ زر اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی جیسے عوامل سونے کی مقامی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے۔
مالی سال کے دوران 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 93 ہزار روپے کا نمایاں اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال کے آغاز پر 10 گرام سونا 2 لاکھ 7 ہزار 219 روپے کا تھا، جو بڑھ کر 3 لاکھ 240 روپے ہو گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال کے دوران 10 گرام سونے کی قیمت 2,326 ڈالر سے بڑھ کر 3,280 ڈالر تک جا پہنچی، یعنی 950 ڈالر کا اضافہ ہوا ۔؛
یہ بھی پڑھیں :ڈاکٹر عباداللہ کا اسپیکر کو خط، مخصوص ارکان سے حلف کے لیے اجلاس طلب کرنے کی درخواست
اے پی ایس جی جے اے کے حکام کے مطابق سونے میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کے باعث رواں مالی سال میں بھی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری رہ سکتا ہے۔ تاہم، سونے کی مقامی قیمتوں کا انحصار بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال پر رہے گا۔





