ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں دہشتگردی کا نیٹ ورک پاکستان کی سلامتی کو نشانہ بنا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کو ایک منظم پالیسی کے طور پر پاکستان کے خلاف اختیار کر رکھا ہے، جس کا مقصد ملک کو داخلی طور پر غیر مستحکم کرنا اور بالخصوص بلوچستان کو نشانہ بنانا ہے۔
معروف بین الاقوامی نشریاتی ادارے’’ الجزیرہ ٹی وی‘‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی ریاستی دہشتگردی، فتنہ الخوارج اور پاکستان کی جوہری صلاحیت سے متعلق پاکستان کا دوٹوک اور واضح موقف پیش کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت کا یہ دہشتگرد نیٹ ورک قومی سلامتی کے لیے ایک مستقل خطرہ بن چکا ہے، جسے اجیت دوول کی قیادت میں منظم طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سیاسی قیادت کئی مواقع پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکی ہے، جبکہ امریکہ، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک بھی بھارتی ریاستی دہشتگردی کو تسلیم کر چکے ہیں، جو ایک سنگین عالمی خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں 16 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جس کی ذمہ داری کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) نے قبول کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے پیچھے بھارتی سرپرستی اور مالی معاونت کارفرما ہے۔
انہوں نے ’’خوارج‘‘ کی اصطلاح کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ گروہ ہیں جو ریاست، افواج اور پاکستانی عوام پر حملے کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، اور کسی گروہ یا فرد کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کی اصطلاح کا بھی حوالہ دیا، جو ان دہشتگرد عناصر کے لیے استعمال کی جاتی ہے جنہیں بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے اور جو بلوچستان میں عدم استحکام پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
جوہری پروگرام سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت مکمل طور پر محفوظ اور ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور ڈکلیئرڈ ایٹمی طاقت ہے، اور کوئی بھی ملک ہماری جوہری صلاحیت کو نشانہ بنانے کی ہمت نہیں کر سکتا۔
انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کے خلاف کسی بھی جارحیت کو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ سمجھتا ہے اور ایران کے ساتھ سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔





