پشاور(محمداعجا زآفریدی)خیبرپختونخواکے سرکاری ملازمین کے لئے اچھی خبر، محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے سرکاری ملازمین کے الاؤنسزمیں اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا، الاؤنسز کی نئی شرح یکم جولائی 2025 ءسے نافذالعمل ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کی 13 جون 2025 کی خصوصی اجلاس کے فیصلوں کے بعد سرکاری ملازمین کے لئے مختلف الاؤنسز کی شرح بڑھا دی ہیں، ان لاؤنسز میں ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس، آئی ٹی پروفیشنل الاؤنس، رسک الاؤنس، پروسکیوشن الاؤنس، یوٹیلٹی الاؤنس، ٹیکنیکل الاؤنس،جوڈیشل الاؤنس، شیڈولڈ پوسٹ الاؤنس، ایگزیکٹو الاؤنس شامل ہیں۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے تمام الاؤنسز کی الگ الگ اعلامیے جاری کردئیے ، اعلامیہ کے مطابق ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی شرح کو 15 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصدکردیا گیاہے جو 2017 ءکے بنیادی تنخواہ پر دی جائے گی، یہ الاؤنس سکیل ایک سے لے کر گریڈ 19 تک کے تمام ملازمین وصول کرینگے تاہم 100 فیصد یا اضافی الاؤنس لینے والے، آئی ٹی پروفیشنل، سیکرٹریٹ پرفارمنس الاؤنس لینے والے ملازمین اہل نہیں ہونگے ۔
ایک اور اعلامیہ کے مطابق آئی پروفیشنل الاؤنس کی شرح 75 فیصد تک بڑھا دی ہے جو 2022 ءکے بنیادی تنخواہ پر آئی ٹی افسران کو ملے گا، اسی طرح رسک الاؤنس کو 100 فیصد تک بڑھا دیا گیاہے جو 2017 کے بنیادی تنخواہ کی شرح سے ملازمین کو ملے گا، فیلڈ میںکام کرنےوالے سکیل 3 سے 16 سکیل تک کے ملازمین اس الاؤنس کے اہل ہونگے ۔
ایک اور اعلامیہ کے مطابق پروسیکیوشن الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیاہے جس کی نئی شرح 100 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے اور یہ الاؤنس 2017 ءکے بنیادی تنخواہ کی شرح سے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے پبلک پراسکیوشن کیڈر کے تمام ملازمین کو ملے گا، یوٹیلٹی الاؤنس کی ماہانہ شرح 18 ہزار روپے مقرر کیاگیاہے جس کے لئے گریڈ 19 کے وہ افسران اہل ہونگے جو سول سیکرٹریٹ پشاو رمیں تعینات ہونگے۔
محکمہ خزانہ نے ٹیکنکل الاؤنس میں بھی اضافے کا اعلامیہ جاری کردیاہے ، ٹیکنکل الاؤنس میں اضافہ 2022 ءکے بنیادی تنخواہ کی شرح سے کی گئی ہے اور اس الاؤنس کے وصولی کے لئے مختلف سیکٹرز میںکام کرنےوالے انجینئرز اہل ہونگے ۔
جو ڈیشل الاؤنس کی شرح رننگ پے پر 20 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کردیا گیاہے ، ایڈوکیٹ جنرل آفس میں کام کرنے والے ملازمین اس الاؤنس کے لئے اہل ہونگے ، شیڈولڈ پوسٹ الاؤنس ماہانہ رننگ پے پر بڑھا دیا گیاہے جس کے لئے سنٹرل پولیس آفس میں تعینات گریڈ 17 سے لے کر گریڈ 21 تک کے پولیس افسران اہل ہونگے تاہم رسک الاؤنس، ڈیلی الاؤنس اور سینئر ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے افسران شیڈولڈ پوسٹ الاؤنس کے لئے اہل نہیں ہونگے ۔
یہ بھی پڑھیں :عوام کیلئے خوشخبری،نیپرا نےملک بھر کےلیے بجلی سستی کردی
افسران کے لئے ایگزیکٹو الاؤنس کی شرح میں اضافہ رننگ پے پر کیا گیاہے ،ڈپوٹیشن پر تعینات اور سینئر ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے اس الاؤنس کے لئے اہل نہیں ہونگے تمام خود مختار و نیم خود مختار اداروں کو اپنے وسائل کی دستیابی کے مطابق ان نوٹیفکیشنز کو نافذ کرنا ہوگا۔ متعلقہ محکموں کو محکمہ خزانہ کی جانب سے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔