پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ کوئی خفیہ ملاقات نہیں کرتے، مگر بعض لوگ تصاویر پر بیٹھ کر تہمتیں لگاتے ہیں۔بغیر تحقیق الزام لگانا نہ صرف گمراہ کن بلکہ گناہ ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ وہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے گورنر ہاؤس گئے تھے، اور اس موقع کو بعض عناصر نے بلاوجہ منفی انداز میں پیش کیا۔
تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری تحریک کافی وقت سے جاری ہے، اب دوبارہ تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو دن میں واضح ہو جائے گا کہ تحریک کا دائرہ کار اور نوعیت کیا ہوگی، تاہم اس سے پہلے تفصیل دینا مناسب نہیں، کیونکہ مخالفین فائدہ اٹھاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف دوبارہ متحرک، دو روز میں حکمت عملی واضح ہو جائے گی، علی امین گنڈاپور
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فی الحال احتجاج کے لیے کسی مقام کا اعلان نہیں کیا، البتہ مقام اور لائحہ عمل پارٹی کی جانب سے دیا جائے گا۔
ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ قانون کی بالادستی ہے اور نہ روزگار، اور یہ سب دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ قوم کس سمت جا رہی ہے۔