اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ کسی کو اسلام آباد میں جتھے لانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے افنان اللہ خان کا کہنا تھا کہ معاملات کو ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن تالی ایک ہاتھ سے نہیں بلکہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لیڈر کرپشن کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے، اس لیے اب مذاکرات کا ماحول بنانا تحریک انصاف کی زیادہ ذمہ داری ہے۔
افنان اللہ خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں دھرنے کے دوران پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور اب ایک بار پھر انتشار کی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کو اب اس طرزِ سیاست سے باہر آنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کی برطانوی شہریت ہے اور ہم کسی غیر ملکی شہری کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
یہ بھی پڑھیں : بغیر تحقیق الزام تراشی گناہ ہے، کوئی خفیہ ملاقات نہیں کی،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ عمران خان کو جیل سے نکال کر وزیراعظم بنا دیا جائے، لیکن ایسا ممکن نہیں۔
افنان اللہ خان نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی موجودہ تحریک کی فائنل کال بھی باقی سابقہ کالز کی طرح خاموشی سے گزر جائے گی۔