فوجی امداد کی بحالی کے لیے امریکا سے مثبت پیغامات موصول ہوئے ہیں، یوکرینی صدر

کییف: یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کے لیے فوجی امداد کی بحالی کے تمام ضروری سیاسی اشارے موصول ہو چکے ہیں، اور جلد ہی اس حوالے سے عملی اقدامات بھی سامنے آ جائیں گے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ ان کے پاس ہتھیاروں کی فراہمی کا مکمل شیڈول اور تفصیلات موجود ہیں، جو امریکا کے ساتھ جاری تعاون کی تصدیق کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی اشتراک میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

صدر زیلنسکی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پیٹریاٹ میزائل دفاعی سسٹم پر ہونے والی گفتگو مثبت رہی، جس کے بعد اس کی فراہمی کے امکانات روشن ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی دو اور ناروے ایک پیٹریاٹ سسٹم کی فراہمی کے لیے آمادہ ہو چکے ہیں۔ ان کے بقول یہ پیش رفت میدانِ جنگ میں یوکرین کی دفاعی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پریمیئر فٹبال اکیڈمی میں فیفا منظور شدہ کٹس اور فٹبالز تقسیم

زیلنسکی نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی جانب سے فوجی امداد کی مکمل بحالی جلد عمل میں لائی جائے گی، جس سے روسی حملوں کے خلاف یوکرین کا دفاع مزید مؤثر ہو سکے گا۔

Scroll to Top