قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا

اسلام آباد: قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنا بعد از حج آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مدینہ سے اسلام آباد آنے والی آخری حج پرواز جمعرات کی رات 8 بجکر 30 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔

پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 41,500 سے زائد حجاج کرام کو 147 پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچایا۔ ترجمان کے مطابق حج پروازوں کی شیڈول پر روانگی کا تناسب 90 فیصد سے زائد رہا، جو ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون کو ہوا تھا اور یہ 10 جولائی کو مکمل ہوا۔ اس دوران بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں کا استعمال کیا گیا۔ پی آئی اے کی حج پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سے آپریٹ کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : موسلا دھار بارشوں سے فضائی آپریشن شدید متاثر، درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار

حجاج کرام نے پی آئی اے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے، ایئر وائس مارشل عامر حیات نے کامیاب آپریشن پر تمام ٹیموں کو مبارکباد دی۔

Scroll to Top