پشاور ہائی کورٹ کا اعظم سواتی کو نیب تفتیش جوائن کرنے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ کا اعظم سواتی کو نیب تفتیش جوائن کرنے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیتے ہوئے نیب کو ہدایت کی ہے کہ وہ تفتیش جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے۔

یہ حکم اعظم سواتی کی جانب سے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نام نکالنے اور بیرونِ ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر جاری کیا گیا ہے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں نیب انویسٹی گیشن افسر کو آئندہ سماعت پر پیش ہو کر تفتیش کی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق اعظم سواتی نے نیب کے کال اپ نوٹس پر تفتیش میں شامل ہونے کی رضامندی ظاہر کی ہے، جبکہ نیب پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد انکوائری مکمل کرے تاکہ آئندہ قانونی مراحل واضح ہو سکیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی دل کے مریض ہیں اور انہیں متحدہ عرب امارات میں علاج کے لیے جانا ہے۔ انہیں 60 دن کا ویزا جاری ہو چکا ہے۔ وکیل نے مزید بتایا کہ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اعظم سواتی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) اور دیگر متعلقہ فہرستوں سے نکالا جا چکا ہے۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے واضح کیا کہ درخواست گزار نے اس دوران کوئی خلافِ قانون اقدام نہیں کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اعظم سواتی کو ان کے آئینی حقوق کے مطابق آزادانہ نقل و حرکت اور قانون کے مطابق سلوک کا مکمل حق حاصل ہے۔

تاہم عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ابھی درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں دیا گیا، اور کیس کی مزید سماعت آئندہ مقررہ تاریخ پر ہو گی۔

Scroll to Top