خیبرپختونخوا سیاحوں کی پسندیدہ منزل، 7 ماہ میں 74 لاکھ کی ریکارڈ آمد

خیبرپختونخوا سیاحوں کی پسندیدہ منزل، 7 ماہ میں 74 لاکھ کی ریکارڈ آمد

خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے جہاں سال 2025 کے پہلے سات ماہ یکم جنوری سے 9 جولائی کے دوران 74 لاکھ سے زائد سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کرچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق اس عرصے میں 73 لاکھ 96 ہزار 32 ملکی جبکہ 4 ہزار 375 غیر ملکی سیاحوں نے مختلف وادیوں اور تفریحی مقامات کی سیر کی۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ملکی سیاح سوات وادی گئے جن کی تعداد 29 لاکھ 41 ہزار 971 رہی جبکہ گلیات 17 لاکھ 95 ہزار اور ناران/کاغان 17 لاکھ 89 ہزار 274 ملکی سیاحوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ غیر ملکی سیاحوں میں سوات وادی سب سے زیادہ پسند کی گئی جہاں 2 ہزار 854 غیر ملکی سیاح پہنچے۔

اسی طرح کالاش ویلی اور گرم چشمہ میں 1,000، بونی، مستوج میں 186، گلیات میں 175 اور کمراٹ میں 157 غیر ملکی سیاح آئے۔ سیاحتی رجحانات میں ناران کاغان اور بونی مستوج سب سے پیچھے رہے جہاں صرف 3 غیر ملکی اور 5 ہزار 193 ملکی سیاحوں نے ان مقامات کا رخ کیا۔

سیاحت کے یہ اعداد و شمار پولیس چیک پوسٹس، لیویز، ٹورازم پولیس اور ترقیاتی اداروں کے فیلڈ افسران کے ذریعے اکٹھے کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے سیاحوں کی سہولت کے لیے 1422 ٹورازم فیسلیٹیشن ہب بھی قائم کر رکھا ہے جہاں سیاح کسی بھی قسم کی معلومات یا رہنمائی کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top