خیبرپختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت حتمی مرحلے میں داخل

پشاور: خیبرپختونخوا میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر پرویز خٹک کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات پرویز خٹک کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر ہوئی، تاہم اس موقع پر اپوزیشن اتحاد کے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی اس مشاورتی عمل کا حصہ بنے۔

مزید بتایا گیا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام کے درمیان آج گورنر ہاؤس میں بھی اس حوالے سے ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی حکمت عملی اور اسمبلی میں اپوزیشن کی پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں جلد اپوزیشن اراکین اسمبلی کی بڑی بیٹھک بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالیہ حمزہ اجلاس میں نہ بلانے پر اپنی ہی قیادت پر برس پڑیں

اپوزیشن قیادت نے یہ بھی طے کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں بھرپور اتحاد کے ساتھ حصہ لیا جائے گا، تاکہ ممکنہ عدم اعتماد اور دیگر پارلیمانی مراحل میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

Scroll to Top