فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں شامل نہیں ہونا چاہتی، اور اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو اسے اسپیکر کی میز پر واپس آنا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ ژوب میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد شہید کیے گئے، اور بلوچستان میں پنجابیوں کے خلاف غلط بیانی پھیلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں کچھ پراسیس پنجاب کے خلاف منفی بیانیہ بنا رہے ہیں، جبکہ پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کے عوام کو ان کا حصہ دیا ہے۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ شہید ہونے والے پنجابی نہیں بلکہ پاکستانی تھے، اور ان پر حملہ کرنے والے بھارت کی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلوچی اور پشتون بھی کاروبار کرتے اور رہائش پذیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک کا آغاز ہوچکا، 90 روز میں آر یا پار ہوگا، علی امین گنڈاپور
طلال چودھری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے تانے بانے بیرون ملک سے جڑے ہیں، اور بلوچستان کی گیس کا 70 فیصد حصہ خود بلوچستان استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نفرت کی آگ بھڑکا کر انسانیت کو بھول گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، اور پی ٹی آئی کو چاہیئے کہ وہ پارلیمنٹ کی بحالی کے لیے اسپیکر کی میز پر واپس آئے۔