پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ فی الحال پیپلزپارٹی کا کابینہ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے علی امین گنڈا پور کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گنڈا پور نے کہا تھا کہ بانی سے ملاقات تک بجٹ پاس نہیں کروں گا، تاہم خیبرپختونخوا نے سب سے پہلے بجٹ پاس کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہوئے تو وہ عدم اعتماد لائیں گے، اور عدم اعتماد کی ریہرسل سینیٹ الیکشن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کو پانچ سیٹیں دینی چاہئیں، اگر وہ پانچ سیٹیں دیتی ہے تو ٹھیک ہے ورنہ چھٹی سیٹ کے لیے محنت کریں گے اور اس کے لیے آزاد ایم پی ایز سے رابطہ کرنا ہوگا۔
گورنر نے پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کو خریدنے کی کوششوں کو بھی ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ وقت پر بتائیں گے کہ کتنے لوگ پی ٹی آئی چھوڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کے نمبرز مکمل ہو جائیں گے تو مولانا فضل الرحمان سے رجوع کریں گے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں کا پاکستان آنا اچھی بات ہے اور انہوں نے پاکستان آکر جلسے کرنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : جے یو آئی کا گنڈا پور کے بیان پر ردعمل، خیبرپختونخوا حکومت کو نااہل قرار دے دیا
گورنر نے واضح کیا کہ قاسم اور سلیمان پاکستان کے قانون سے بالاتر نہیں ہیں اور اگر کوئی غلط کام کریں گے تو گرفتاری ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دوبارہ کہا کہ فی الحال پیپلزپارٹی کابینہ میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتی۔