حمد اللہ خان
ایبٹ آباد: یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کی حلف برداری کی پروقار تقریب جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے نوجوان اراکین نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن محترمہ آمنہ سردار اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محترمہ ازکہ فاطمہ تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد چیئرمین یوتھ پارلیمنٹ پاکستان اسامہ ندیم قریشی نے تمام مہمانان اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے تنظیم کے قیام، اغراض و مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی، جبکہ تنظیم کا منشور بھی پیش کیا گیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ازکہ فاطمہ نے نوجوان اراکین سے حلف لیا اور یوتھ پارلیمنٹ کو ایک مثبت اور تعمیری پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز نوجوانوں کی قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایم پی اے آمنہ سردار نے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور نوجوانوں کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ پاکستان جیسے ادارے مستقبل کے رہنماؤں کی تربیت کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین اسامہ ندیم قریشی نے مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کیں، جبکہ تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔
واضح رہے کہ یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کا قیام 2024 میں ایبٹ آباد سے عمل میں آیا، اور اب تک ملک بھر سے 3 ہزار سے زائد نوجوان اس پلیٹ فارم سے رجسٹر ہو چکے ہیں۔
یہ تنظیم نوجوانوں کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔