شیخ وقاص اکرم اور عالیہ حمزہ کے وائس نوٹس لیک ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات سامنے آ گئے

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں جہاں پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ اور مرکزی انفارمیشن سیکرٹری شیخ وقاص اکرم کے درمیان وٹس ایپ پر بھیجے گئے وائس نوٹس لیک ہو گئے ہیں، جنہوں نے پارٹی میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

لیک ہونے والے وائس نوٹس میں شیخ وقاص اکرم نے عالیہ حمزہ کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں میڈیا کی بھوکی قرار دیا۔

انہوں نے عالیہ حمزہ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے پارٹی کی اندرونی بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر میڈیا کے سامنے لیک کیا، جو پارٹی کے لیے نقصان دہ ہے۔

شیخ وقاص نے عالیہ حمزہ سے سوالات کیے کہ کیا انہوں نے کور کمیٹی کی میٹنگ میں ہونے والے فیصلے میڈیا کو بتائے، اور ساتھ ہی کہا کہ عالیہ حمزہ نے پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے دیے گئے پیغامات بھی میڈیا کو افشا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایم این ایز اور ایم پی ایز کو آن گراؤنڈ لے کر احتجاجی تحریک میں شامل کیا گیا ہے، جس پر عالیہ حمزہ کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات پارٹی کی حکمت عملی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عالیہ حمزہ اجلاس میں نہ بلانے پر اپنی ہی قیادت پر برس پڑیں

شیخ وقاص نے عالیہ حمزہ کی درخواست پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو جی ٹی روڈ سے واپس جانے کا کہا جانا بھی منظر عام پر لایا۔

شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ انہیں وائس نوٹس کے لیک ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، تاہم اب وہ سیاق و سباق کے ساتھ تمام حقائق میڈیا کے سامنے پیش کریں گے تاکہ پارٹی کی اندرونی صورتحال واضح ہو سکے۔

Scroll to Top