خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ امیدوار سامنے لانے اور انہیں کامیاب کروانے کے لیے رابطوں میں تیزی کر دی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نوشہرہ میں وزیراعظم کے مشیر و سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی، جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں نے صوبائی سیاسی صورتحال، ضم شدہ اضلاع کے مسائل، اور سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اپوزیشن کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ خاص طور پر ضم شدہ اضلاع میں جاری بدامنی اور وہاں کے عوامی مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی اور قبائلی عوام کی تشویش کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
اس موقع پر پرویز خٹک کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کا بھی اظہار کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر امیر مقام اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے بھی سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں ملاقاتیں کی ہیں، جہاں اپوزیشن جماعتوں کے آزاد اراکین سے رابطوں اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔
اپوزیشن جماعتیں اس مشترکہ حکمت عملی کے تحت خیبر پختونخوا میں اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں تاکہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔