خیبرپختونخوا میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں حالیہ موسلادھار بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیونیوز )کے مطابق شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور ژالہ باری کے نتیجے میں بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور عوام کو بروقت معلومات فراہم کریں۔
پی ڈی ایم اے  رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات پیش آئے، جن میں 6 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔ بارش اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے تین مکانات کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔
متاثرہ اضلاع میں خیبر، مالاکنڈ، کوہاٹ اور باجوڑ شامل ہیں، جہاں مقامی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔
Scroll to Top