لارڈز میں کھیلے گئے پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو سخت مقابلے کے بعد 22 رنز سے شکست دے دی اور یوں سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔
بھارت کو دوسری اننگز میں فتح کے لیے 193 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آل راؤنڈر رویندرا جدیجہ 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کے ایل راہول نے 39 رنز بنائے۔ بھارت کے دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور زیادہ تر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور بین سٹوکس نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ بریڈن کارس نے دو جبکہ شعیب بشیر اور کرس ووکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے آغاز میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 387 رنز بنائے۔ جوئے روٹ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 104 رنز بنائے، جبکہ کارس نے 56، جیمی سمتھ نے 51 اور اولی پوپ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 387 رنز کے برابر اسکور کیا۔ کے ایل راہول نے شاندار سینچری بنائی، جبکہ رشبھ پنت نے 74 اور جدیجہ نے 72 رنز بنائے۔ کارون نائر نے 40 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی برابری میں مدد دی۔
یہ بھی پڑھیں : اسمارٹ فونز کی ہفتہ وار رینکنگ جاری، سام سنگ نے سب کوپیچھے چھوڑ دیا
دوسری اننگز میں انگلینڈ کی بولنگ لائن نے بھارتی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور صرف 170 رنز پر آل آؤٹ کر کے 22 رنز سے یادگار فتح سمیٹی۔





