اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے دی گئی 90 روزہ احتجاجی تحریک کی بات پارٹی کی پالیسی نہیں بلکہ ان کا ذاتی مؤقف ہے۔
سماء ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بانی نے تحریک کو 5 اگست کے عروج سے جوڑا ہے اور پارٹی اسی حکمت عملی پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوامی آواز بلند کر رہے ہیں اور عوام ایک نظریے سے وابستہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے سیاسی و آئینی بحران کا شکار ہے، اور ہمیں اب اجتماعی طور پر جدوجہد کا راستہ اپنانا ہوگا۔ راجا نے کہا کہ ہم تاریخی دوراہے سے گزر رہے ہیں اور آئین کی بالادستی کے لیے پرعزم ہیں۔
سلمان اکرم راجا کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ سے انصاف کی امید کم ہو چکی ہے جبکہ ریاستی نظام کو آلۂ کار بنا دیا گیا ہے۔ ایسی صورت حال میں عوامی بیداری ناگزیر ہے۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آئیں تو یہ ان کا حق ہے، اور وہ والد کی جدوجہد میں شریک ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو آگے بڑھانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے نظریے سے جڑا رہنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک کا آغاز ہوچکا، 90 روز میں آر یا پار ہوگا، علی امین گنڈاپور
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 90 دن کی احتجاجی تحریک کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ تحریک آر یا پار ہوگی۔
ان کے بیان پر پی ٹی آئی پنجاب کی صدر عالیہ حمزہ نے بھی سوالات اٹھائے تھے کہ ایسی تحریک کا کیا طریقۂ کار ہوگا اور اس کی حکمت عملی کیا ہے۔





