پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اگست میں ملک گیر سطح پر بڑے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے اس مقصد کے لیے تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نےنجی ٹی وی چینل( سماء نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ احتجاج بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے جاری جدوجہد کا تسلسل ہے، اور اس میں عوام کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔
عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا 90 روز کی تحریک کا اعلان دراصل بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ایک واضح ڈیڈ لائن دینا ہے۔ اُن کے مطابق، پارٹی اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور آئندہ دنوں میں احتجاجی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ، ہم 90 روز کی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، اور یہ تحریک آر یا پار ہوگی۔ ہمیں حکومت میں رہنے یا نہ رہنے سے فرق نہیں پڑتا، ہمارا ہدف صرف عوام کو متحرک کرنا اور ملک کے کونے کونے تک پیغام پہنچانا ہے۔‘‘
عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ لاہور میں حالیہ پارٹی اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو ضرور شریک ہونا چاہیے تھا۔ تاہم، انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ لاہور میں ارکانِ پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد پر پارٹی میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔
تحریک انصاف کے اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پارٹی کی جانب سے احتجاجی شیڈول کا باضابطہ اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔





