مولانا خانزیب کی شہادت کسی ایک جماعت یا علاقےکا نہیں، پوری قوم کا نقصان ہے،امیر مقام

وفاقی وزیر اور خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام نےضلع باجوڑ کے علاقے ناوگئی میں شہید مولانا خان زیب کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے اپنی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ مولانا خان زیب کی شہادت صرف ایک جماعت یا علاقے کا نہیں بلکہ پوری قوم کا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو افراد، چاہے عوام سے ہوں یا سیکیورٹی فورسز سے، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، وہ قوم کے ہیرو ہوتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور ریاستی اداروں کو یکجہتی سے کام کرنا ہوگا کیوں کہ امن صرف اجتماعی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہستان سکینڈل میں گرفتار ملزم کی ضمانت خارج

وفاقی وزیر نے اس موقع پر شہدا کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Scroll to Top