وانا(نورعلی)جنوبی وزیرستان لوئرکی تحصیل برمل اور ضلع ٹانک کےسب ڈویژن جنڈولہ(سابقہ نیم قبائلی علاقہ) میںکل 16 جولائی بروز بدھ، صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تحصیل برمل میں ہر قسم کی نقل و حرکت، بازاروں اور مارکیٹوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں تین داخلی راستوں پر داخلہ سختی سے منع کیا گیا ہے جس میں شکائی -انزرچینہ-وانا،وانا-تیارزہ گیٹ-کرب کوٹ-تنائی تا عزیز آباد چوک ، خمرنگ-رغزئی تا شولام شامل ہیں۔
اسی طرح ضلع ٹانک کے سب ڈویژن جنڈولہ میں بھی کرفیو نافذ ہوگا، جہاں جنڈولہ بازار اور جنوبی وزیرستان اپر جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق صرف ایمرجنسی کی صورت میں مخصوص اجازت، شناختی کارڈ اور ضروری کاغذات جمع کروانے کے بعد نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
ساتھ ہی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھ کر اپنی گاڑی کو کم از کم 100 میٹر فاصلے پر سڑک سے نیچے اتارا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا خانزیب کی شہادت کسی ایک جماعت یا علاقےکا نہیں، پوری قوم کا نقصان ہے،امیر مقام
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔





