وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملاقات میں سینیٹ انتخابات اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، عمران خان نے سینیٹ امیدواروں کی ترجیحی فائنل فہرست فراہم کر دی۔
مشیراطلاعات کے مطابق ثانیہ نشتر کی نشست پر مشعال یوسفزئی کے نام کو حتمی شکل دے دی گئی اوردیگر امیدواروں میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور پیر نورالحق قادری شامل ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ سیٹ پر اعظم سواتی اور خواتین سیٹ پر روبینہ ناز شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران عمران خان نے ملک گیر احتجاج فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے درمیان بیان بازی اور ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے پر شدید افسوس اور غصے کا اظہار کیا اور سخت ہدایات دیں کہ تمام رہنماؤں کو میرا پیغام پہنچایا جائے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے سے باز رہیں، سوشل میڈیا کو آپس میں ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے پارٹی کا بیانیہ مضبوط بنانے کے لیے استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں : دیر: زیرتعمیرمکان گرنے سے دو بچے جاں بحق، دو شدید زخمی ہوگئے
بیرسٹرسیف کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام رہنما احتجاجی تحریک کے لیے متحد اور یکسو ہوں،عمران خان نے وزیراعلیٰ اور تمام ذمہ داران کو احتجاجی تحریک کے سلسلے میں سخت ہدایات جاری کیں اور وزیراعلیٰ اور تمام ذمہ داران کو فوری احتجاجی تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی۔





