اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 98ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چینی عوام، عسکری قیادت اور پیپلز لبریشن آرمی کے تمام رینکس کو دلی مبارکباد پیش کی۔
جنرل ساحر شمشاد نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین کی غیر معمولی ترقی اور تیز رفتار جدیدیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایل اے نے چین کو امن، استحکام اور خوشحالی کا ستون بنا دیا ہے۔
انہوں نے چین کو علاقائی سکیورٹی کا ضامن قرار دیا۔اپنے خطاب میں چیئرمین جے سی ایس سی نے پاکستان اور چین کے دیرینہ، آزمودہ اور آہنی بھائی چارے پر زور دیا اور اس تعلق کو ہر شعبے میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو دہرایا اور کہا کہ سی پیک، دفاعی تعاون اور علاقائی ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک 5 اگست کو اپنے پیک پر ہوگی، پی ٹی آئی متحد ہے، بیرسٹر گوہر
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، میڈیا نمائندگان، کاروباری رہنما اور سول سوسائٹی کے اراکین کی بھرپور شرکت نے پاک چین شراکت داری کی وسیع تر حمایت اور عوامی سطح پر پذیرائی کو نمایاں کیا۔





