پشاور میں دو سال بعد پولیو وائرس کا خاتمہ، قومی ادارہ صحت کی تصدیق

پشاور: پشاور کے تمام ماحولیاتی نمونے دو سال بعد پولیو وائرس سے پاک قرار دیے گئے ہیں، جو انسدادِ پولیو مہم کے لیے ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ اس کامیابی کی تصدیق قومی ادارہ صحت (NIH) کی پولیو لیبارٹری نے کر دی ہے۔

مشرق ویب سائٹ ذرائع اورقومی ادارہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا کے چھ ماحولیاتی مقامات سے لیے گئے تمام نمونے پولیو وائرس سے پاک پائے گئے۔ یہ پہلا موقع ہے جب گزشتہ دو سال میں پشاور سے لیے گئے تمام نمونوں میں وائرس نہیں پایا گیا۔

این آئی ایچ کے ایک اہلکار کے مطابق حالیہ ہفتے میں ملک بھر سے گندے پانی کے 24 نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 13 منفی اور 11 مثبت آئے۔

پشاور سے حاصل ہونے والے تمام نمونوں کا منفی آنا اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ شہر ماضی میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ایک ہاٹ اسپاٹ سمجھا جاتا تھا۔

خیبرپختونخوا میں رواں سال کے آغاز میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 14 تھی، جو جون تک کم ہو کر صرف 7 رہ گئی ہے۔ ان میں سے 4 جنوبی اضلاع سے رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح دیگر صوبوں میں بھی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

بلوچستان میں جنوری 2025 میں پولیو کے مثبت نمونوں کی تعداد 19 تھی، جو جون میں گھٹ کر صرف 4 رہ گئی۔ کوئٹہ بلاک سے حاصل کردہ 7 نمونوں میں سے 6 منفی آئے۔

پنجاب میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں پولیو سے متاثرہ اضلاع کی تعداد 7 سے کم ہو کر 5 ہو گئی ہے۔

Scroll to Top