پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما اور سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت ناساز ہو گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر کے مطابق، ان کی مؤکلہ کو سانس لینے میں دشواری، معدے اور پیٹ میں شدید تکلیف کا سامنا تھا، جس پر جیل حکام نے طبی امداد کے لیے انہیں اسپتال منتقل کیا۔
سروسز اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق، ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس کی تکلیف، دل کی دھڑکن میں تیزی اور بلڈ پریشر بلند ہونے کے باعث اسپتال لایا گیا۔ ابتدائی معائنے میں معدے میں جلن اور درد کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاہم فی الوقت ڈاکٹر یاسمین راشد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد 9 مئی کے واقعات کے بعد سے عدالتی حکم پر کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ ان کی صحت کے حوالے سے پہلے بھی خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیمیں اور پارٹی قیادت متعدد بار ان کے بہتر علاج کا مطالبہ کر چکی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے یاسمین راشد کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔