ملک کے مختلف حصوں میں موسمی حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران شدید بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ سکتے ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ موجود ہے۔
کن علاقوں میں بارش ہوگی؟
پنجاب: اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے، جب کہ خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا، کشمیر و گلگت بلتستان: ان علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جہاں کچھ مقامات پر تیز بارش نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا سبب بن سکتی ہے۔
بلوچستان: بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل اور سبی میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
سندھ: شمالی اضلاع سکھر، شکارپور، کشمور اور لاڑکانہ میں بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے اور موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔
شہریوں اور سیاحوں کیلئے احتیاطی ہدایات
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو لینڈسلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزید برآں، مقامی انتظامیہ کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔