برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کردیں

برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کردیں

برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نام برطانوی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستان کا نام اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے۔ اس فیصلے سے پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کیمطابق برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ اقدام ایوی ایشن سیفٹی کے شعبے میں بہتری اور پیشہ ورانہ پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کی سفارشات کے بعد پاکستانی ایئر لائنز اب یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) سے اجازت حاصل کر کے برطانیہ کے لیے پروازیں چلا سکیں گی۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان کا نام ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ ایک آزاد، تکنیکی اور جانچ پر مبنی عمل کے تحت کیا گیا ہے۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس پیشرفت پر دونوں ممالک کے ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ’’میں مستقبل میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کرنے کی منتظر ہوں، اور امید ہے کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب آنے کا موقع ملے گا۔‘‘

ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ کے فضائی روابط کی بحالی سے خاندانوں کے ملاپ، سیاحت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ برطانیہ نے پاکستان کو اپنا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 4.7 ارب پاؤنڈ سے زائد ہے۔

یاد رہے کہ یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے ) کی سفارشات کے بعد 2020 میں پاکستانی ایئر لائنز پر برطانیہ سمیت کئی ممالک نے سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ تاہم، پاکستان کی جانب سے ایوی ایشن سیفٹی کے نظام میں اصلاحات کے بعد اب رفتہ رفتہ یہ پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top