سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان کے ضلع آواران میں خفیہ آپریشن کے دوران تین بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے،اس دوران فائرنگ سے میجر سید ربنواز شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق16 جولائی 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع آواران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئےتاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران، 34 سالہ میجر سید ربنواز طارق (ساکن ضلع مظفرآباد) نے دشمن کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا،وہ اپنے دستے کی قیادت فرنٹ لائن پر کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس مقصد کے لیے ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔





