بنوں: خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے تین انتہائی خطرناک اور بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث تھے جن میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ بھی شامل ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کی قیادت میں یہ کارروائی کی گئی۔
ہلاک دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج کے انتہائی فعال گروپ سے تھا اور وہ پولیس سٹیشن بنوں کینٹ و سٹی اور میرا خیل پر حملوں سمیت مختلف واقعات میں ملوث تھے۔
ہلاک دہشتگردوں کے نام مدثر عرف مدثری، تراب عرف عمر خطاب عرف ملنگ اور محمد حسین عرف معاذ بتائے گئے ہیں۔ ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، تین میگزین، ایک پستول اور دیسی ساختہ آئی ای ڈی بھی برآمد ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا کا بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی حفاظت کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔





