چارسدہ:چارسدہ میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں حکومتی، انتظامی اور سماجی نمائندوں کے ساتھ ساتھ طلبہ و مقامی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ، عظمت اللہ وزیر، اور ضلعی پولیس آفیسر، محمد وقاص، موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے موسمیاتی تبدیلیاں اور ماحولیاتی آلودگی کے سنگین اثرات پر روشنی ڈالی، اور زور دیا کہ درخت لگانا ہی کافی نہیں بلکہ اُن کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔
انہوں نے شجرکاری کو نہ صرف قدرتی توازن برقرار رکھنے کا ذریعہ قرار دیا بلکہ اسے آئندہ نسلوں کے لیے صحت مند اور محفوظ ماحول کی ضمانت بھی بتایا۔
محکمہ جنگلات کے انچارج، شاہ خالد باچا نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ متعدد علاقوں میں پانی کی کمی کے باعث لگائے گئے ہزاروں پودے تلف ہو چکے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں اور شہریوں کو شجرکاری مہم میں یکجا ہونا چاہئے تاکہ یہ ایک علامتی سرگرمی نہ رہے بلکہ دیرپا اثرات پیدا کرنے والی مستقل کوشش ثابت ہو۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات: حکومت اور اپوزیشن میں 6/5 فارمولے پر اصولی اتفاق
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی دعا کی اور اپنے ہاتھوں سے درخت لگا کر عملی طور پر ماحول دوستی کا جذبہ دکھایا۔
اس موقع پر پودے لگانے اور ان کی مناسب نگہداشت کے حوالے سے شرکاء میں شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا، جبکہ اگلے مراحل میں مانیٹرنگ اور پودوں کی مسلسل دیکھ بھال کو یقینی بنانے کا عہد بھی کیا گیا۔





