سیاسی پارٹیوں کا مقصد صرف حکومت عوام کی خدمت نہیں ہے ،سینئر صحافی

ریاستی اداروں کی مخالفت کرنیوالوں کو پاکستان میں رہنے کا حق نہیں، ظاہر شاہ شیرازی

پشاور: سینیئر صحافی ظاہر شاہ شیرازی نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر معاملے کو سیاست کی نذر کر رہی ہے جو مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے واضح پالیسی بنائی ہے کہ افغان مہاجرین کو اپنے وطن واپس جانا ہوگا، اور حقیقتاً ایسا ہونا چاہیے تھا۔ تاہم صوبائی حکومت نے ایک الگ بیانیہ اختیار کیا ہے اور کہا ہے کہ افغان تو ہمارے بھائی ہیں۔

ظاہر شاہ شیرازی نے پشتون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں افغان طالبان کی سیاسی بصیرت اور حکمت عملی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ طالبان بین الاقوامی تعلقات میں انتہائی ہوشیاری سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان آج روس کے ساتھ مضبوط روابط قائم کر رہے ہیں، جس کے خلاف وہ برسوں تک مسلح جدوجہد کرتے رہے۔ اس کے علاوہ طالبان امریکی امداد کو بھی جائز اور اپنا حق سمجھتے ہیں۔

ظاہر شاہ کے مطابق یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ کابل کی قیادت ماضی کے اختلافات کو بھلا کر اپنے ملک کے مفادات کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں سرسبز پاکستان کے عزم کے ساتھ شجرکاری مہم جاری

انہوں نے ایران میں رہائش پذیر تقریباً چھ ملین افغان باشندوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 11 لاکھ افغانوں کو فوری انخلاء کا حکم دیا گیا ہے۔

پاکستان نے پی او آر کارڈ ہولڈرز کو مزید چھ ماہ کا وقت دیا ہے۔ ظاہر شاہ نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ پاکستان کی ریاست اور افواج کو برا بھلا کہتے ہیں اور قومی پرچم کی توہین کرتے ہیں، کیا ایسے افراد کے لیے ملک میں کوئی جگہ ہونی چاہیے؟

Scroll to Top