راولپنڈی میں سیلابی صورتحال، وزیر اعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

راولپنڈی میں سیلابی صورتحال، وزیر اعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

جڑواں شہروں میں مسلسل موسلا دھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں ایم ڈی واسا، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور چیف سیکریٹری پنجاب کو رپورٹ کے ساتھ طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ صورتحال کا مکمل جائزہ لے کر فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

قومی اخبار(روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کیمطابق وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو بھرپور الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ گوالمنڈی پل پر پانی کی سطح 23 فٹ جبکہ کٹاریاں میں 22 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور سڑکوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ریسکیو 1122، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے مکمل طور پر ہائی الرٹ ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے اور نالہ لئی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس سے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انتظامیہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی اپیل کر رہی ہے۔

Scroll to Top