تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم سواتی کوہستان مالی اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب پشاور کے دفتر پیش ہو گئے ہیں۔ اعظم سواتی کو نیب نے طلب کیا تھا جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔
نجی ٹی وی چینل جیونیوز کے مطابق نیب خیبر پختونخواہ میں کوہستان کے 40 ارب روپے سے زائد کرپشن کیس کی تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے اور اعظم سواتی کے پہلے دیے گئے جوابات پر عدم اطمینان ظاہر کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں دوبارہ طلب کیا گیا۔
نیب دفتر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ مکان کی فروخت کے تمام دستاویزات نیب کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوہستان اسکینڈل میں ملوث کرپٹ افراد اور خیبر پختونخوا کے وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کو سخت اور عبرت ناک سزا دی جائے گی۔
علاوہ ازیں، اعظم سواتی نے کہا کہ آج یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ کیا خیبر پختونخوا حکومت نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اتفاق کیا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کے اصولوں کے مطابق سینیٹ کے ٹکٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔ جب صحافیوں نے اعظم سواتی سے علی امین گنڈاپور کی احتجاجی تحریک کے 90 دن مکمل ہونے کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور وہاں سے روانہ ہو گئے۔